انٹرٹینمنٹ

سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی’ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان

ممبئی: بالی ووڈ کے نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے مداحوں کا انتظار ختم کرواتے ہوئے اپنی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیریز نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 27 مارچ کو سنجے لیلا بھنسالی نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں اُن کی نئی آنے والی ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ کی پوری ٹیم اور کاسٹ نے شرکت کی۔

اس شاندار تقریب میں ڈرون لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا، ان لائٹس کے ذریعے بتایا گیا کہ ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ رواں سال یکم مئی کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

 

تقریب میں سوناکشی سنہا، منیشا  کوئرالہ، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ اور شرمین سیگل موجود تھیں لیکن ادیتی راؤ حیدری نے اداکار سدھارتھ سے اپنی شادی کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔

اس موقع پر سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ میں ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کی دنیا کو نیٹ فلکس پر لانے کے لیے پوری کاسٹ اور ٹیم کا شکر گزار ہوں۔

مزید پڑھیں: ویب سیریز ‘ہیرا منڈی’ کا پہلا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی چھا گیا

سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ ہم یکم مئی کا بےصبری سے انتظار کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ دُنیا بھر کے شائقین بھی ‘ہیرامنڈی’ کی ریلیز کے لیے پُرجوش ہیں۔

دوسری جانب نیٹ فلکس انڈیا اور بھنسالی پروڈکشن نے انسٹاگرام پر تقریب کی ویڈیو پوسٹ کی اور اس مشترکہ پوسٹ میں کہا کہ وہ لمحہ آگیا ہے جس کا آپ انتظار کر رہے تھے۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی مہاکاوی، شاندار سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ یکم مئی کو صرف نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

 

واضح رہے کہ ‘ہیرا منڈی’ کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا ہے اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

ویب سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا  کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ اور شرمین سیگل شامل ہیں۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button