“ناقدین جتنی مرضی تنقید کرلیں، لوگ سب سے زیادہ میری ہی فلمیں دیکھتے ہیں”
کراچی: پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ناقدین جتنی مرضی اُن پر تنقید کرلیں لیکن اس کے باوجود لوگ سب سے زیادہ اُن کی ہی فلمیں دیکھتے ہیں۔
حال ہی میں ہمایوں سعید نے معروف میزبان ندا یاسر کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔اس مارننگ شو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ہمایوں سعید کو اپنے ناقدین کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ ہمارے یہاں ہر کامیاب شخص پر تنقید کی جاتی ہے، اُسے مختلف تنازعات میں پھنسا دیا جاتا ہے اور یہ سب وہی لوگ کرتے ہیں جو اُس کامیاب شخص سے شہرت میں کم ہوتے ہیں، ہمیشہ ہم سے نیچے درجے کے لوگ ہی ہم پر تنقید کرتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ کبھی بھی آپ سے زیادہ کامیاب لوگ آپ پر تنقید نہیں کرتے اور میرا ماننا یہ ہے کہ اگر کسی اداکار پر تنقید نہیں ہوتی تو اُسے خود پر غور کرنا چاہیے کہ اُس کے کام میں ایسی کونسی خامی ہے کہ لوگ اُس پر تنقید نہیں کررہے کیونکہ تنقید ہمیشہ کامیاب لوگوں پر ہی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: ہمایوں سعید کا لڑکی سے دھوکا کھانے کا انکشاف
میزبان کے ایک سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ کچھ لوگ میری عُمر کی وجہ سے تنقید کرتے ہیں کہ ہمیشہ مجھے ہی کیوں فلم میں ہیرو دکھایا جاتا ہے تو یہاں میں اُن لوگوں کے لیے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جس دن لوگ ٹکٹ خرید کر مجھے دیکھنا چھوڑ دیں گے تو اُس دن سمجھ جاؤں گا کہ میں اب ہیرو نہیں رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ ناقدین جتنی مرضی تنقید کرلیں لیکن اس کے باوجود بھی لوگ پیسے خرچ کرکے سب سے زیادہ میری ہی فلمیں دیکھنے سینما گھروں میں آتے ہیں۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ ناقدین میری پہلی فلم سے لیکر اب تک مجھ پر تنقید کررہے ہیں اور آٓگے بھی میرے اوپر تنقید کرتے رہیں گے لیکن اس سب کے باوجود بھی سب سے زیادہ بزنس بھی میری فلمیں ہی کرتی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ ہمارے یہاں بہت سے اداکار ایسے ہیں جن کے انسٹاگرام پر 10 ملین فالوورز ہیں اور وہ خود کو اسٹار سمجھتے ہیں لیکن جب اُن کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو مشکل سے ایک لاکھ لوگ اُن کی فلمیں دیکھتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں جانتا کہ وہ فالوورز جعلی ہیں یا نہیں لیکن حقیقی پُرستار آپ کو دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدتے ہیں اور حقیقی زندگی میں آپ سے ملنے کے لیے کوشش کرتے ہیں۔