نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹرز کی توجہ منتشر رہی
کراچی: ’’این او سی ملے گا یا نہیں‘‘ نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹرز کی توجہ منتشر رہی۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سیریز ہارنے والے کرکٹرز اب نیوزی لینڈ سے پاکستان اور بعض لیگز کیلیے دیگر ممالک روانہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کے رویے سے خوش نہیں رہی، بیشتر کی توجہ لیگز کے این او سی و دیگر معاملات پر مرکوز رہی جس کی وجہ سے کیویز کے دیس میں کارکردگی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پانچواں ٹی20؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی
بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کھلاڑیوں کو سمجھاتے رہے کہ ابھی اپنی کارکردگی پر توجہ دو، اچھا کھیلو گے تو بینک بیلنس ویسے ہی بڑھ جائے گا، پیسہ کمانے کے مواقع ملتے رہیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ معاملات سے خوش نہیں ہیں،ان کا اپنا مستقبل بھی غیریقینی کا شکار ہے،15 دسمبر کے بعد سے ادائیگی رکی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تیسرا ٹی20؛ پاکستان کو شکست دے کر نیوزی لینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی
اس سے قبل 300 ڈالر یومیہ دیے جا رہے تھے،سابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی کوشش تھی کہ حفیظ سے تین سال کا معاہدہ ہو جائے مگر حکومت سے اجازت نہ مل سکی۔
توقع یہی ہے کہ سابق کپتان اگلی سیریز میں پھر ٹی وی پر بطور مبصر نظر آئیں گے،حفیظ کے بارے میں کہا گیا کہ انھوں نے سخت گیر رویے کا مظاہرہ کیا جس سے کھلاڑی خوش نہیں تھے، وہ جمعے کو میڈیا کانفرنس میں اپنا نقطہ نظر بیان کریں گے۔