سلمان خان سیلفی لینے والے مداح پر پھٹ پڑے، ویڈیو وائرل
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے سیلفی لینے والے مداح کو غصے میں فوراََ کیمرہ بند کرنے کی دھمکی دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کی تاریخ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے اور 58 برس کے ہوجانے کے بعد بھی اُن کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، اپنی نجی زندگی میں کئی تنازعات کا سامنا کرنے کے باوجود بھی سلمان خان کو بالی ووڈ کا بھائی جان سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، اس بار اداکار نے اپنے رویے سے مداحوں کو مایوسی اور غصے کا احساس دلایا ہے۔
سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکار کو ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اسی دوران کچھ فاصلے پر موجود ایک مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے لیکن سلمان خان کو غصہ آجاتا ہے۔
سلمان خان غصے سے مداح کو گُھورتے ہوئے اُسے فوراََ کیمرہ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہیں جس پر مداح خوفزدہ ہوتے ہوئے کہتا ہے کہ ٹھیک ہے سر، میں کیمرہ بند کررہا ہوں اور پھر فوراََ موبائل کا کیمرہ بند کردیتا ہے۔
یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے سلمان خان کے رویے پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی اداکار کے کچھ حامیوں نے مداح کو مذکورہ ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی دھمکی بھی دی۔