پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ممکنہ چیئرمین کا نام سامنے آ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ذکاء اشرف کے استعفیٰ کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے کئی نام زیر گردش ہیں جن میں نجم سیٹھی بھی شامل ہیں تاہم سب سے مضبوط امیدوار مصطفیٰ رمدے کو قرار دیا جارہاہے جبکہ ان کے علاوہ دیگر اہم ترین شخصیات بھی اس عہدے کیلئے لائن لگائے کھڑی ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی میں گذشتہ کافی عرصے سے مسائل جاری ہیں، مستقل چیئرمین نہ ہونے کی وجہ سے معاملات جمود کا شکار رہے، ذکا اشرف نے بھی بے اختیار رہنے پر استعفے کو ترجیح دی، ان کے ساتھ رکن گورننگ بورڈ بننے والے مصطفیٰ رمدے اب بھی برقرار رہیں گے، دوسرے رکن کے طور پر نجم سیٹھی فیورٹ ہیں۔اونر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ندیم عمر، احمد نواز سکھیرااور عارف سعید کے نام بھی گردش کر رہے ہیں۔
شعیب ملک کی دوسری شادی لیکن کیا ثانیہ مرزا سے طلاق ہوچکی؟ تہلکہ خیز دعویٰ
دوسری جانب نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت میں ذکا اشرف نے کہا کہ میرے پاس کوئی اختیارات نہیں تھے،میں پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت سے کام کرنا چاہتا تھا مگر کام کرنے کی آزادی نہ ملی، ایسے میں عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی فائدہ نہ تھا، میں اب اپنے کاروبار پر مکمل توجہ دوں گا۔انھوں نے کہا کہ سب سے بڑی چیز آپ کا وقار ہوتا ہے، اسی لیے میں نے ذمہ داری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
ادھر ذکا اشرف کے جانے پر ان کے لائے ہوئے کئی آفیشلز کی پوزیشنز خطرے میں پڑ گئی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کا بھی عہدوں پر برقرار رہنا بہت دشوار ہوگا،آئندہ چند روز بڑی اہمیت کے حامل ہیں، اس دوران کئی بڑے فیصلے ہوں گے۔