عمران ہاشمی کی اہلیہ نے اُنہیں چھوڑنے کی دھمکی دیدی
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی کی اہلیہ نے اُن کی خوراک سے تنگ آکر اُنہیں چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عمران ہاشمی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی روزمرہ کی خوراک کی روٹین کا انکشاف کیا، جسے وہ گزشتہ دو سال سے فالو کر رہے ہیں۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ میں اپنی فٹنس اور صحت پر سخت محنت کررہا ہوں جس کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے ایک ہی ڈائیٹ پلان لے رہا ہوں جوکہ چکن قیمہ، سلاد اور شکرقندی پر مشتمل ہے۔
اداکار نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میری خوراک بہت بورنگ ہے لیکن یہ میری صحت کے لیے مفید ہے، چکن قیمہ کھانے میں ہلکا ہوتا ہے، آسانی سے ہضم بھی ہوجاتا ہے جبکہ سلاد اور شکرقندی سے کافی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا باورچی میرے لیے پورے ہفتے کا کھانا ایک ہی بار تیار کرکے رکھ دیتا ہے، پھر میں روزانہ اپنے حساب سے لنچ اور ڈنر میں اپنا کھانا لیتا ہوں۔
عمران ہاشمی نے اپنی اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میری خوراک کی وجہ سے میری اہلیہ بہت تنگ ہیں، میری اہلیہ یہ سب نہیں کھاتیں بلکہ اُنہیں بہت غصہ آتا ہے۔
اداکار نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ میری خوراک کی وجہ سے میری اہلیہ مجھے چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں، وہ مجھے دھمکیاں دیتی رہتی ہیں لیکن اُنہوں نے ابھی تک ایسا نہیں کیا۔
واضح رہے کہ عمران ہاشمی بہت جلد سیریز ‘شو ٹائم’ میں پروڈیوسر کے کردار میں نظر آئیں گے، اس سیریز کا پریمیئر رواں ماہ 8 مارچ کو ہوگا۔