انٹرٹینمنٹ

اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی نئی فلم کی تشہیری مہم میں چپلوں کی بارش

لکھنؤ: بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی نئی فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ کی تشہیری مہم کے دوران بدنظمی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار اور ٹائیگر شروف اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، اسی مہم کے لیے اس جوڑی نے 26 فروری کو لکھنؤ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔

اس پروگرام میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف نے ہزاروں مداحوں کے سامنے وہ لائیو اسٹنٹ کرکے دکھائے تھے جو فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ میں بھی مداح دیکھ سکیں گے۔

اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی لائیو پرفارمنس دیکھنے کے لیے ہزاروں مداح بےتاب تھے اور اسٹیج کے قریب آنے کی کوشش کررہے تھے تاکہ وہ قریب سے ایکشن اسٹارز کو دیکھ سکیں لیکن اس دوران پروگرام میں بدنظمی پیدا ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداحوں میں دھکم پیل ہوئی، پھر مداحوں نے اپنے جوتے اور چپلیں اُتار کر ہوا میں اُچھالیں۔

پروگرام کے سیکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مداحوں پر لاٹھی چارج کیا جس کے بعد حالات بہتر ہوئے۔

واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کے علاوہ پرتھوی راج سکومران فلم میں ولن کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ سوناکشی سنہا، منوشی چلر اور الایہ ایف بھی فلم کا حصہ ہیں۔

فلم ڈائریکٹر علی عباس ظفر کی نئی پیشکش کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے اور یہ فلم رواں برس اپریل میں عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button