پی ٹی آئی میں کوئی دھڑا اور ڈکٹیٹر شپ نہیں: شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد :(دنیا نیوز) سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی دھڑا اور ڈکٹیٹر شپ نہیں ہے۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آج پشاورمیں نومئی کےکیسزمیں ہمارےکارکنوں کوبری کردیا گیا ہے، ہمارا پہلےدن سےموقف ہےکہ نومئی کےجھوٹےکیسزبنائےگئے۔
انہوں نے کہا کہ جوجج ڈٹ جاتا ہےاس کا یہ تبادلہ کردیتےہیں، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، پرامن احتجاج اورفالس فلیگ آپریشن میں فرق ہوتا ہے، آئندہ احتجاج کےحوالےسےلائحہ عمل بنایا جارہا ہے، اب احتجاج میں ساری قیادت نظرآئےگی، پارٹی نے ابھی تک کسی نئی احتجاجی کمیٹی کا اعلان نہیں کیا۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ابھی تک پارٹی نےکسی نئی احتجاجی کمیٹی کا اعلان نہیں کیا، شیرافضل مروت کی رائے کا احترام ہے، سنگجانی،لاہور،ڈی چوک میں کامیاب مظاہرے ہوئے، علی امین گنڈا پورکوڈی چوک میں دھرنا دینےکا نہیں کہا گیا تھا،عمران خان نےکہا تھا کہ ڈی چوک پہنچنا ہے، علی امین گنڈا پوراپنےٹارگٹ ڈی چوک پہنچے۔
سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ڈی چوک میں مقدمات کے حوالے سے پشاورآنا پڑا، روپوشی سےباہرنکل آیا ہوں، بشریٰ بی بی سیاسی ملاقاتیں نہیں کررہی، بشریٰ بی بی گھریلوخاتون ہیں ، پشاورجلسےمیں شرکت نہیں کریں گی، سکیورٹی خدشات کی وجہ سےبشریٰ بی بی پشاورآئیں،انہیں جیل سےپشاورلانا درست فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پورنےڈیل والی خبرکی تردید کی ہے،عمران خان نےآج بھی کہا اپنے موقف پر ڈٹ کرکھڑا ہوں، علیمہ خان سیاست میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کررہیں، اس حوالےسےایک گروپ شوشے چھوڑ رہا ہے، پارٹی میں کسی کی خواہش پرپابندی نہیں ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ رؤف حسن اس وقت پارٹی کےترجمان نہیں ہے، پارٹی میں سب کوآزادی ہے، پارٹی میں کوئی دھڑا نہیں ہے نہ ہی کوئی ڈکٹیٹرشپ ہے، قاضی فائزعیسیٰ کےساتھ لندن میں جو ہوا اس کی بالکل مذمت نہیں کروں گا۔
محسن نقوی کے بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت اپنے شہریوں کےکیسے پاسپورٹ کینسل کرسکتی ہے؟ وزیرداخلہ کی پاسپورٹ،شناختی کارڈ منسوخ کرنے والی بات مذاق ہے۔