خیبر پختونخوا میں ’میزبان ‘ہوم سٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی
پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ‘میزبان ‘کے نام سے ہوم سٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ’میزبان ‘ کے نام سے ہوم سٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی، منصوبے کے باضابطہ اجراء کے لیے رواں سال 15 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی، منصوبے کے تحت سیاحتی اضلاع میں گھروں میں سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
محکمہ سیاحت کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 395 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا، سیاحوں کو اپنے گھروں کے احاطوں میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند افراد دو کمرے تعمیر یا پہلے سے دستیاب کمروں کی تزین و آرائش کر سکیں گے۔
اسی طرح ان کمروں میں سیاحوں کے لئے واشرومز، کچن کے علاوہ دیگر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، ابتدائی طور پر یہ منصوبہ ضلع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ قرضے بینک آف خیبر کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے، قرضوں کی واپسی کی مدت پانچ سال ہوگی اور واپسی کا عمل قرضے لینے کے دوسرے سال سے شروع ہوگا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ان مواقع کا موثر استعمال کرکے نہ صرف صوبے کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہوم سٹے ٹورازم صوبے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا بہترین منصوبہ ہے، اس منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے، اگلے سیزن سے پہلے سیاحتی علاقوں کی شاہراہوں پر سیاحوں کے لئے واشرومز کی فراہمی کے منصوبے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی علاقوں میں قائم ٹورسٹ فیسلی ٹیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔