فخر زمان نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا
کراچی: سابق کپتان بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پر تنقید کا معاملہ، فخر زمان نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے فخر زمان کا جواب دیکھنے کے بعد ان کی دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم میں شمولیت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کل بروز پیر کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے بابراعظم کو ڈراپ کرنے پر فخر زمان نے ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ بابر اعظم کو ڈراپ کرنا باعث تشویش ہے جس سے منفی پیغام جائے گا۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ویرات کوہلی کو 2020 سے 2023 تک تین سال خراب فارم کے باوجود ڈراپ نہیں کیا۔ گھبراہٹ میں فیصلے کرنے کے بجائے اپنے کھلاڑیوں کا تحفظ کریں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ کیخلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچز کیلئے بابراعظم، سرفراز احمد، شاہین اور نسیم شاہ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔