مالی سال 24-2023 کے دوران معاشی شرح نمو 2.52 فیصد رہی
اسلام آباد: ملک میں گذشتہ مالی سال 24-2023 کے دوران معاشی شرح نمو 2.52 فیصد رہی۔ نیشنل اکاوٴنٹس کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ معاشی اعداد و شمار کی منظوری دے دی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعدوفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال 24-2023 کی معاشی شرح نمو کے نظر ثانی شدہ اعداد وشمار جاری کردیے ہیں۔ اعدادوشمارکے اعلامیے کے مطابق چوتھی سہ ماہی کے حتمی اعداد و شمار آنے کے بعد زراعت اور خدمات کے شعبوں کی گروتھ مزید بڑھ گئی ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق نیشنل اکاؤٴنٹس کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ معاشی اعداد و شمار کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ مالی سال معاشی شرح نمو 2.52 فیصد رہی، گزشتہ مالی سال کیلیے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد مقرر تھا۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال زرعی شعبے کی ترقی 6.36 فیصد ریکارڈ کی گئی اس سے قبل گزشتہ مالی سال کیلیے زرعی شعبے کی گروتھ 6.25 فیصد منظور کی گئی تھی جبکہ مالی سال 24-2023 کیلیے زرعی شعبے کا ہدف 3.5 فیصد مقرر تھا۔
اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال صنعتی شعبے کی ترقی منفی 1.15 فیصد رہی، مالی سال 24-2023 میں خدمات کے شعبے کی گروتھ 2.15 فیصد رہی جبکہ صنعتی ترقی 3.4 اور خدمات کے شعبے کا ہدف 3.6 فیصد مقرر تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اتحادی حکومت کے آخری مالی سال معاشی شرح نمو منفی 0.21 سے بڑھ کر منفی 0.22 فیصد ہوگئی ہے۔