انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری
کراچی: جمعرات کو مسلسل ساتویں دن بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے طویل دورانیے کے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278 روپے سے بھی نیچے آگئے۔
پاکستان میں خدمات انجام دینے والی کمپنیوں کی اپنے ہیڈ کوارٹرز کو زرمبادلہ میں منافع کی ترسیل 32فیصد گھٹنے اور یو ایس فیڈرل ریزرو کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 50بیسس پوائنٹس کی کمی سے عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں کمی جیسے عوامل کے باعث جمعرات کو مسلسل ساتویں دن بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے طویل دورانیے کے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278 روپے سے بھی نیچے آگئے۔
بیرون ملک مقیم کارکنان کی ترسیلاتِ زر میں 40فیصد اضافے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے اور آئی ایم ایف کی مطلوبہ شرائط پورے ہونے سے رواں ماہ قرض پروگرام کی منظوری یقینی ہونے سے بھی انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 13پیسے کی کمی سے 277روپے 91پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں طلب ورسد متوازن ہونے کے سبب ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280روپے 70پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔