اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، 79ہزار پوائنٹس کی سطح عبور
کراچی: غیرملکیوں کی جانب سے مخصوص شعبوں سے سرمائے کے انخلا کے باوجود کمرشل بینکوں اور سیمنٹ سیکٹر میں بڑھتی ہوئی خریداری کی سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بڑی نوعیت کی تیزی رہی۔
بازار حصص میں تیزی کے سبب طویل دورانیے کی مزاحمت کے بعد انڈیکس کی 79000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی عبور ہوگئی۔ تیزی کے سبب 46فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 72ارب 32کروڑ 53لاکھ 20ہزار 468روپے کا اضافہ ہوگیا۔
کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 28پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود دو فیصد سے زائد کی کمی کی توقعات پر بینکنگ سیمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے ایک موقع پر 721پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 671.73 پوائنٹس کے اضافے سے 79286.73پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 216.81پوائنٹس کے اضافے سے 25073.24پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 350.70پوائنٹس کے اضافے سے 51041.89 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 1115.16پوائنٹس کے اضافے سے 125886.07پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 4فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 50کروڑ 94لاکھ 90ہزار 385 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 436 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 202 کے بھاؤ میں اضافہ، 170 کے داموں میں کمی اور 64 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔