شادی کا تعلق زہریلا ہوجائے تو اسے نبھانا ضروری نہیں، محب مرزا
لاہور: پاکستان کے معروف اداکار محب مرزا نے شادی شدہ لوگوں کو مشورہ دیا کہ اگر آپسی تعلق زہریلا ہوجائے تو اسے نبھانا ضروری نہیں ہے۔
برطانوی میڈیا کو ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر لوگ کسی نہ کسی صدمے کا شکار ہوتے ہیں جس کا ان کی شخصیت پر اثر پڑتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل ’جفا‘ میں ان کا کردار اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ زیادہ صدمے کا اثر ہونے پر انسان کو تھراپی کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کو نبھانے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے لیکن ہر صورت میں اسے نبھانے کا دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔
محب مرزا نے وضاحت کی کہ وہ طلاق کو فروغ دینے کی کوشش نہیں کر رہے لیکن اگر تعلق زہریلا ہو جائے تو اسے نبھانا ضروری نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائنس بھی ثابت کرتی ہے کہ مستقل اذیت بھری صورتِ حال میں رہنے سے انسان کو بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔