کھیل

قذافی اسٹیڈیم ، ’’نیمنگ رائٹس‘‘ 1 ارب میں فروخت

کراچی: قذافی اسٹیڈیم لاہورکے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ ایک ارب روپے میں فروخت کر دیے گئے،پی سی بی کا پنجاب کے بینک سے 5 سالہ معاہدے پر اتفاق ہو گیا، اس سے قبل اتنی ہی مدت کیلیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حقوق 45 کروڑ روپے میں بیچے گئے تھے، یوں نئی انتظامیہ دگنی رقم سے بڑی ڈیل کرنے میں کامیاب رہی۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کر رہا ہے،اس پر اربوں روپے خرچ ہوں گے، البتہ رقم کی کچھ واپسی کیلیے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں،گذشتہ دنوں پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم لاہورکے ’’نیمنگ رائٹس‘‘ کیلیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے بینک سے ایک ارب روپے کے عوض 5 سالہ کنٹریکٹ پر اتفاق ہوگیا،اب قذافی اسٹیڈیم کا نام مذکورہ بینک سے تبدیل کر دیا جائے گا، یاد رہے کہ اس سے قبل 2022 میں سابق چیئرمین رمیز راجہ کے دور میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے نیمنگ رائٹس 45 کروڑ روپے کے عوض بیچے گئے تھے، وہ اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کہلاتا ہے،5 سالہ معاہدہ 2027 میں مکمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی سے پہلے قذافی اسٹیڈیم کا نام بدلنے کی بھی تیاری

محسن نقوی کی زیر سربراہی موجودہ پی سی بی انتظامیہ نے کراچی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زائد رقم میں لاہور کا معاہدہ کیا ہے،چیئرمین نے ملکی کرکٹ میں پیسہ لانے کیلیے کئی دیگر منصوبے بھی بنائے ہیں، ان پر عمل درآمد سے پی سی بی کو خاصا فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پروجیکٹ پر رات گئے بھی کام جاری

دنیا بھر میں اسپورٹس اسٹیڈیمز کو اسپانسرز کے نام دینے کا رواج عام ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں کئی کرکٹ وینیوز بھی اسپانسرز کے نام پر ہیں، اسے آمدنی کے ذرائع بڑھانے میں خاصا معاون قرار دیا جاتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ مزید اسٹیڈیمز کے نیمنگ رائٹس بھی اسپانسر اداروں کو فروخت کرے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button