بلوچستان میں دہشت گردی کا اثر، اسٹاک مارکیٹ پر مندی غالب
کراچی: بلوچستان میں دہشت گردی، لسٹڈ کمپنیوں کے ملے جلے مالیاتی نتائج اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے۔
مندی کے سبب 56فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 34ارب 47لاکھ 65ہزار 320 روپے ڈوب گئے۔ مثبت توقعات پر کاروبار کا آغاز اگرچہ تیزی سے ہوا مگر کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 230.37 پوائنٹس کی کمی سے 78571.06 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 67.22 پوائنٹس کی کمی سے 24927.63 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 162.87 پوائنٹس کی کمی سے 50598.47 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 343.21 پوائنٹس کی کمی سے 124555.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 25فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 51 کروڑ 23 لاکھ 37 ہزار 206 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 433 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 150 کے بھاؤ میں اضافہ، 242 کے داموں میں کمی اور 41 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔