انٹرٹینمنٹ

محسن عباس حیدر نے دُنیا بھر کی خواتین سے معافی مانگ لی

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے بھی پڑوسی ملک بھارت میں پیش آنے والے بہیمانہ کولکتہ ریپ کیس کے خلاف آواز بُلند کرلی۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

مزید پڑھیں: کولکتہ ریپ کیس، سجل علی کا بھی انصاف کا مطالبہ

بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے تو وہیں بالی ووڈ شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کولکتہ ریپ کیس کی آواز بن گئی ہیں۔

بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے آواز بُلند کرنے کے بعد، اب کئی پاکستانی فنکار بھی کولکتہ ریپ کیس میں انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں، یہ فنکار سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی خاتون ڈاکٹر کے حق میں آواز اُٹھا رہے ہیں۔

ان فنکاروں کی فہرست میں پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر بھی شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر خصوصی پوسٹ جاری کی۔

مزید پڑھیں: جان ابراہم نے بھارت کو خواتین، بچوں اور جانوروں تک کیلئے غیرمحفوظ قرار دیدیا

محسن عباس حیدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کی گئی پوسٹ میں کہا کہ کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے دردناک واقعے پر میں دنیا کی ہر عورت سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔

اداکار نے کولکتہ ریپ کیس میں 31 سالہ خاتون ڈاکٹر کے والدین کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو اسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button