اوورسیز انوسٹرز چیمبر نے 10 برس میں 22 ارب سرمایہ کاری کی، اقتصادی سروے رپورٹ
کراچی: اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے سالانہ اقتصادی سروے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیمبر کے اراکین نے پاکستان میں گزشتہ 10 سال میں 22ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
او آئی سی سی آئی نے 2023کے سالانہ اقتصادی سروے میں پاکستانی معیشت میں اپنے اراکین کی جانب سے نمایاں شراکت کی نشان دہی کی گئی اور بتایا گیا ہے کہ 2023 میں او آئی سی سی آئی کی 139 ممبر کمپنیوں نے 29.6 ٹریلین کے اثاثے، 482ٹریلین روپے سرمایہ کے اخراجات، 2.4ٹریلین روپے کے سرکاری محصولات اور 10.4 ٹریلین روپے کی مجموعی آمدنی ظاہر کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود او آئی سی سی آئی اراکین نے گزشتہ دہائی کے دوران دیگر غیرملکی سرمایہ کاروں کے مقابلے میں زیادہ سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری میں حصہ لیا ہے۔
بتایا گیا کہ گزشتہ 10سال (2013 سے 2023) کے دوران پاکستان میں 19.8 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی، اس کے علاوہ اس عرصے کے دوران او آئی سی سی آئی کے اراکین نے 22.6 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی۔
پاکستان کی معیشت پر او آئی سی سی آئی کے اراکین کے اعتماد کو اجاگر کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی کے صدر ریحان شیخ نے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، او آئی سی سی آئی کے اراکین کا مستقل اعتماد اور سرمایہ کاری مستقبل کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوآئی سی سی آئی کی رکن کمپنیوں میں سے 51کمپنیوں نے اپنی مالیاتی کارکردگی میں نمایاں ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، 2019 سے 2023 تک قبل از ٹیکس سالانہ ترقی کی مجموعی شرح 2018 اور 2022کے درمیان 18.9فیصد کے مقابلے میں 30.2 فیصد تک بڑھ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023میں ان کمپنیو ں کا ٹرن اوور6747 ارب روپے رہا اور ان کمپنیوں نے قبل از ٹیکس 1130ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا، اسی طرح مختلف شعبوں تیل، گیس اور توانائی سیکٹر کے4857 ارب روپے، بینکنگ، انشورنس، فنانس اور لیزنگ سیکٹرکے 1555 ارب روپے کا ٹرن اوور2023 میں پاکستان کی معیشت میں مختلف انڈسٹریز کی متنوع شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے۔
سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو اور سیکریٹری جنرل ایم عبد العلیم نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے ممبران کی اہم حصہ داری پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہم کردار کی نشان دہی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا مالیاتی شراکت کے علاوہ او آئی سی سی آئی کے ممبران ٹیکنالوجی کی منتقلی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدید ترین ایجادات متعارف کرانے اور مینو فیکچرنگ پلانٹ آپریشن، سپلائی چین اور بین الاقوامی شہرت یافتہ برانڈز کی مارکیٹنگ کے شعبے میں بیسٹ پریکٹسز کے اشتراک میں بھی اہم کردار اداکرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ او آئی سی سی آئی کے ممبران نے 2023 میں سی ایس آر منصوبوں میں 13 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔