بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا مشورہ کس نے دیا؟
پیرس: بنگلادیش میں قائم ہونے والی عبوری حکومت کے نامزد سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
بنگلادیشی حکومت کے نامزچ سربراہ نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے پیرس میں بھارتی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بنگلا دیش میں موجود غلط لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
ڈاکٹر محمد یونس آج کسی بھی وقت پیرس سے ڈھاکہ پہنچ جائیں گے اور عبوری حکومت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ ملک میں فوری طور پر نئے انتخابات بھی متوقع ہیں۔
گزشتہ ایک ماہ سے جاری پُرتشدد مظاہروں اور شیخ حسینہ واجد کے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد اب ملک میں زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، صنعتی علاقوں میں گارمنٹس فیکٹریوں میں کام دوبارہ شروع ہو گیا ہے، سڑکوں پر ٹریفک بھی رواں دواں ہے، جبکہ طلبا کی جانب سے مختلف علاقوں میں صفائی کا کام بھی جاری ہے۔