عائشہ ٹاکیا طویل عرصے بعد منظر عام پر آکر بھارتیوں پر برس پڑیں
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیا طویل عرصے بعد منظر عام پر آئیں تو بھارتیوں نے اُن کی لُکس پر تنقید کے تیر برسا دیے جس کے بعد اب اُنہوں نے بھارتیوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں عائشہ ٹاکیا کو ممبئی کے ایئرپورٹ پر دیکھا گیا تھا جہاں میڈیا کے فوٹوگرافرز نے اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کردیں، بھارتی صارفین نے اداکارہ کی ویڈیوز پر منفی تبصرے کرتے ہوئے اُن کی لُکس پر شدید تنقید کی۔بھارتیوں کی تنقید سے تنگ آکر بالآخر عائشہ ٹاکیا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ میں دو دن پہلے ممبئی سے گوا روانہ ہوئی کیونکہ میری بہن اسپتال میں داخل ہیں، اس دوران ایئرپورٹ پر مجھے میڈیا کے فوٹوگرافرز نے روکا اور میری ویڈیوز بنائیں۔
عائشہ ٹاکیا نے کہا کہ اس کے بعد لوگوں نے میری شکل، میری جسامت پر منفی تبصرے کیے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ بھارتیوں کے لیے سب سے اہم مسئلہ میری لُکس ہیں، اسی لیے اپنا تمام وقت میری لُکس پر تبصرے کرنے میں ضائع کرتے ہیں۔
اداکارہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب کوئی بھی فلم کرنے میں دلچسپی نہیں، میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں، اب شہرت اور شوبز انڈسٹری میں دلچسپی نہیں رکھتی لہٰذا میری لُکس کی فکر کرنا چھوڑ دیں، میں جیسی ہوں اپنے لیے بہت اچھی ہوں۔
اُُنہوں نے بھارتیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ سوچ کر ہنسی آتی ہے کہ ہمارے لوگ عورت کو ہمیشہ ایک نو عمر 15 سال جیسی لڑکی کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔
عائشہ ٹاکیا نے بھارتیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ میں آپ کی گندی سوچ اور منفی رائے آپ کو واپس بھیج رہی ہوں، مجھے آپ کی رائے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ خدا نے مجھے بہترین زندگی سے نوازا ہے۔