لیجنڈری مہدی حسن اور استاد طافو کے گھرانوں کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوگئیں
لاہور: موسیقی سے وابستہ مہدی حسن اور استاد طافو کے گھرانوں کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوگئیں اور دونوں گھرانوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مستقبل میں مل کر ایک ساتھ چلنے کا عزم کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نغمہ ساز گروپ کے روح رواں گلوکار تنویر آفریدی نے فنکارگھرانوں کو پھر سے متحد کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہوئے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا جس میں لیجنڈ موسیقار استاد طافو، ممتاز غزل گائیک غلام علی، نامور گلوکار غلام عباس، طارق طافو، انوررفیع، عارف بٹ، گلوکارہ علیشا جعفری، اداکار اجمل دیوان سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر استاد طافو،غلام علی اور غلام عباس نے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ گلوکار قرار دیا۔
موسیقار طافو نے کہا کہ غلط فہمیاں تو کسی بھی فیملی میں پیدا ہوجاتی ہیں لیکن ان کا ازالہ کرکے پھر سے تمام رشتے نبھانے پڑتے ہیں، ہم سب بھی ایک خاندان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
مہدی حسن کے صاحب زادے گلوکار کامران مہدی نے امریکہ کے شہر شکاگو سے بذریعہ ویڈیو لنک اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے والد مہدی حسن کی کامیابیوں اور مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے دنیا بھر کی شخصیات کا مہدی حسن کو عظیم فنکار ہونے کا حوالہ دیا۔
انہوں نے استاد طافو کے فن کو بھی سراہا اور تمام غلط فہمیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مستقبل میں موسیقی کے تمام گھرانوں کو متحد ہوکر ایک ساتھ چلنے کا پیغام دیا۔