غیرملکی کمپنیوں نے اپنی سرمایہ کاری سے بھی زیادہ منافع ملک سے باہر منتقل کردیا
کراچی: پاکستان میں سرمایہ لگانے والی غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی سرمایہ کاری سے بھی زیادہ منافع ملک سے باہر منتقل کردیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق غیرملکی کمپنیوں نے سرمایہ کاری سے زیادہ منافع باہر منتقل کردیا ہے۔ اس حوالے سے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کے دوران غیرملکی کمپنیوں نے 2 ارب 21 کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے باہر منتقل کیا جب کہ اسی دورانیے میں غیرملکی کمپنیز نے پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں غیر ملکی کمپنیوں نے 23 گنا زیادہ منافع پاکستان سے منتقل کیا۔ جون 2024 میں غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان سے 41 کروڑ ڈالر کا منافع باہر منتقل کیا۔ سب سے زیادہ منافع فائنانشل بزنس کی غیر ملکی کمپنیوں نے 64 کروڑ ڈالر باہر منتقل کیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالرز باہر منتقل کرنے کی حکومتی پالیسی نرم کرنے سے منافع زیادہ منتقل ہوا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی منافع کی منتقلی 6 سال کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔