انٹر نیشینل

کملا ہیرس کی انتخابی مہم میں ایک ہفتے کے دوران 20 کروڑ ڈالر جمع

واشنگٹن: ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار اور نائب امریکی صدر کملا ہیرس کی انتخابی مہم میں ایک  ہفتے میں 20 کروڑ ڈالر اکٹھے کر لیے گئے۔

کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی ڈپٹی منیجر نے بیان کیا کہ انتخابی مہم کے ایک ہفتے میں  کملا ہیرس نے 20 کروڑ ڈالر اکٹھے کر لیے ہیں جن میں سے 66 فیصد نئے عطیہ دہندگان کی جانب سے ملے ہیں۔ ہم نے 170،000 نئے رضاکاروں کو سائن اپ کیا ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم نے جولائی کے اوائل میں کہا تھا کہ انہوں نے دوسری سہ ماہی میں  33 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اکٹھے کیے جو کہ جو بائیڈن کی انتخابی مہم اور ان کے ڈیموکریٹک اتحادیوں کے اسی عرصے میں جمع کیے گئے 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے عملے کے پاس جون کے آخر میں 28 کروڑ 49 لاکھ ڈالر نقد تھے جبکہ ڈیموکریٹک کی مہم کے پاس اس وقت 24 کروڑ ڈالر نقد تھے۔

صدر جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد انتخابی کارکنوں سے اپنی پہلی تقریر میں کملا ہیرس نے ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ماضی میں ہر قسم کے مجرموں کا مقابلہ کر چکی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینا ایک مشکل مرحلہ ہوگا لیکن  نئی صدارتی مہم ریپبلکن امیدوار کے بے دریغ جھوٹ پر غالب ہو گی۔

امریکا کی نائب صدر بننے سے قبل کملا ہیرس کیلیفورنیا ریاست کی چیف پراسیکیوٹر کے طور پر کام کر چکی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button