میں نے انسانی اسمگلنگ کی شکار 400 لڑکیوں کو ریسکیو کروایا، سنیل شیٹی
ممبئی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار سنیل شیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے انسانی اسمگلنگ کا شکار ہونے والی سیکڑوں لڑکیوں کو ریسکیو کروایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل شیٹی نے اپنے انٹرویو کے دوران انسانی اسمگلنگ کے کامیاب آپریشن اور اپنی این جی او کے بارے میں بات کی۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ میں اپنی ساس کے ساتھ ملکر بھارت میں ٹریفکنگ کے نام سے ایک این جی او چلاتا تھا، جسے ہم نے بعد میں تبدیل کرکے ‘وپلا فاؤنڈیشن’ بنا دیا تھا۔
اداکار نے کہا کہ ہماری این جی او نے دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ ملکر انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے آپریشن شروع کیا تھا اور ہم نے اس آپریشن کے تحت دُنیا بھر سے 400 لڑکیوں کو ریسکیو کروایا تھا۔
مزید پڑھیں: والد جہاں ’ویٹر‘ کا کام کرتے تھے وہ تینوں عمارتیں خرید لیں، سنیل شیٹی کا انکشاف
اُنہوں نے کہا کہ ریسکیو ہونے والی 400 لڑکیاں وہ تھیں جنہیں اسمگل کیا گیا تھا لیکن ہماری خوش قسمتی تھی کہ ہم نے لڑکیوں کو بڑے نقصان سے بچالیا تھا۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ میں نے کبھی اس آپریشن کے بارے میں بات نہیں کی کیونکہ یہ مجھ سمیت دیگر لوگوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا تھا لیکن اب اس کا ذکر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ میں کوئی ہیرو نہیں ہوں بلکہ میں ہر اچھے عمل کو لوگوں تک پہنچانے والا انسان ہوں۔
اداکار نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں وزیراعلیٰ، پولیس کمشنر اور اعلیٰ ترین خفیہ ٹیموں نے ہماری مدد کی تھی لیکن اصل ہیرو میری ساس ہیں۔