اسرائیل نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ خالی کرنے کا حکم دے دیا
خان یونس: اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرق میں اسرائیل کی جانب راکٹ داغے جانے کے بعد فلسطینیوں کو ایک وسیع علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق اس علاقے کے لوگوں کو پہلے آڈیو پیغامات موصول ہوئے جن میں انہیں خان یونس چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا، اس سے قبل اسرائیلی فوج نے عربی زبان میں ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں سوشل میڈیا پر انتباہ دہرایا گیا تھا۔
فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی جرائم کے جواب میں ’بیراج‘ نامی مہم شروع کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے غزہ میں حماس کا گلا گھونٹ دیا، اسرائیلی وزیر دفاع
انخلا کے تازہ ترین حکم نامے میں خان یونس کے جنوب مشرق میں یورپی ہسپتال کے آس پاس کے علاقے بھی خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔۔
مقامی اطلاعات کے مطابق عملے نے خان یونس کے ناصر اسپتال میں کچھ اہم سامان منتقل کرنا شروع کر دیا ہے اور کچھ عملہ اور مریض بھی وہاں سے چلے گئے ہیں۔
حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی افواج کے ہاتھ اب تک غزہ میں 37 ہزار 900 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 23 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہوئے ہیں۔