انٹر نیشینل
بھارت؛ سیلفی لینے کی کوشش میں 3 مسلم نوجوان دریا میں ڈوب گئے
نئی دہلی: بھارت کے دریا گنگا جمنا پر کشتی میں سفر کرنے والے 3 نوجوان توحید، شان اور فہد سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دریا میں گر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں نوجوانوں میں سے صرف 19 سالہ فہد کو زندہ بچایا جا سکا جب کہ 17 سالہ توحید اور 18 سالہ شان کی لاشوں کو غوطہ خوروں نے دریا سے نکالا۔
دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے والدین کا کہنا ہے کہ دریا پر کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے اور تاحال ہمارے پیاروں کی لاشیں بھی نہیں دی گئیں۔
عینی شاہدین کا بھی کہنا ہے کہ اگر غوطہ خور بروقت پہنچتے تو دیگر 2 نوجوانوں کو بھی بچایا جا سکتا تھا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ہی لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ اس واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی۔