لاکھوں عازمین آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے
مکہ مکرمہ: بیس لاکھ سے زائد عازمین حج آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کریں گے۔
حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین میدان عرفات میں پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اورخطبہ حج سنیں گے۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا۔مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر حمد المعیقلی خطبہ حج دیں گے، جسے اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔
حجاج سارا دن میدان عرفات میں عبادت اور دعائیں کرتے گزاریں گے۔ عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے ۔
مزید پڑھیں: مناسک حج کا آغاز، فضا لَبَّيْكَ اللَّھُمَّ لَبَّيْكَ کی صداؤں سے گونج اُٹھی
اتوار کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے جس کے بعد قربانی کی جائے گی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق عرفات میں مسجد نبوی کے بعد مکہ مکرمہ کے علاقے کی دوسری بڑی مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ مناسک حج کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا۔
کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کے ساتھ ہی سعودی حکام نے تمام زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ دھوپ اور گرمی سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال کریں اور کافی مقدار میں پانی پییں۔ سعودی وزارت صحت نے حجاج کرام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے 34,000 سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں، فارماسسٹوں اور انتظامی عملے کو متحرک کیا ہے۔ سات ائیر ایمبولینسس اور 730 ایمبولینسس بھی دستیاب ہیں جو عازمین کو ضرورت پڑنے پر طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔
مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر حمد المعیقلی خطبہ حج دیں گے، جسے اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔ اس موقع پر 20 لاکھ سے زائد عازمین حج ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔