بھارت میں ہیٹ ویو کے باعث انتخابات کے آخری روز 33 افراد ہلاک
نئی دہلی: بھارت میں عام انتخابات کے آخری مرحلے کے دوران ہیٹ ویو کے باعث 33 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو اترپردیش سمیت مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 57 نشستوں پر انتخابات ہوئے اور اسی دوران شدید گرمی کے باعث درجنوں شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق راجستھان، گجرات اور مدھیاپردیش کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
بھارت کے کئی شہروں میں ہیٹ ویو اپنے عروج پر ہیں اور درجہ حرارت 49 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے اور کئی ریاستوں میں ہیٹ ویو کی وجہ سے ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
دارالحکومت نئی دہلی میں درجہ حرارت ریکارڈ 52.9 ڈگری تک پہنچ گیا تھا لیکن محکمہ موسمیات نے بعد میں کہا کہ یہ اعداد وشمار غلط تھے۔
ادھر اترپردیش کے شہر جھانسی میں ہفتے کو درجہ حرارت 46.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جو محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
اترپردیش کے چیف الیکٹورل افسر ناودیپ رنوا نے بتایا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو نقد امداد فراہم کرے گا، جس میں صفائی کا عملہ بھی شامل ہے۔
بھارت کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق مئی کا مہینہ ملک میں گرم ترین مہینہ رہا ہے اور کئی ریاستوں میں ہیٹ ویو معمول سے 5 سے 8 دن زیادہ رہا ہے۔
مشرقی ریاست اوڈیسا کے حکام نے ہیٹ ویو کی وجہ سے 9 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ مزید 81 ہلاکتوں کی تصدیق کا انتظار ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی انتخابات میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے اور ارونا چل پردیش میں 60 میں سے 46 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔