پیک شدہ جوسز پر 20 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ
کراچی: فروٹ جوس کونسل نے پیک شدہ جوسز پر 20 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
فروٹ جوس کونسل نے پیک شدہ جوسز پر20فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، یہ مطالبہ مقامی وکثیرالقومی کمپنیوں کی کونسل کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے چئیرمین ایف بی آر، ممبر پالیسی و سیلزٹیکس سے ملاقات کے دوران کیا۔
کونسل کے نمائندوں نے انکشاف کیا ہے کہ20فیصد ایف ای ڈی عائد ہونے کے نتیجے میں پیک شدہ جوسز کی فروخت میں40فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے، ایف ای ڈی ختم نہ کی گئی تو مستقبل میں جوس کی فروخت مزید گھٹ جائے گی، جوس کی فروخت میں کمی سے ریونیو آمدنی کا بھی نقصان ہوگا۔
کونسل نے بتایا کہ جوس پر ایف ای ڈی کے علاوہ20فیصد ڈیوٹی18فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی عائد ہے، کونسل کا موقف ہے کہ دیہی معیشت اور فروٹ جوس کی ویلیو چین سے وابستہ مقامی صنعت کو بھی متاثر کر رہا ہے، پیک شدہ جوس انڈسٹری پر 20فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے سے حکومتی آمدنی بڑھنے کے بجائے کمی ہوئی ہے۔
کونسل کے نمائندوں نے بتایا کہ وفاقی بجٹ2023-24میں میں جوسز پر ایف ای ڈی5فیصد سے بڑھا کر20فیصد کردیا گیا،فروٹ جوس کونسل کا کہنا تھا کہ صارفین جوس کے ایک ڈبے پر بطور ٹیکس قیمت کا 42فیصد ادا کررہے ہیں۔