پاکستان

ہم نے کشکول توڑ دیا ہے، قومیں محنت ولگن سے ترقی کرتی ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، زراعت و معدنیات پر توجہ مرکوز رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ محنت اور لگن سے ترقی کرتی ہیں۔

دبئی میں آئی ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، برآمدات، صنعت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ دن رات محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی ہمارے لیے یہ خوش آئند ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ہونہار آئی ٹی پروفیشنلز یہاں موجود ہیں، اسی طرح پاکستان سے بھی ہونہار پروفیشنلز یہاں موجود ہیں جو معیشت کے مختلف شعبوں کو ڈیجیٹائز کرنے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مستقبل تیل اور گیس پر انحصار کے بجائے نوجوانوں کی تربیت اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ جیسی نان آئل اور گیس اکانومی پر مبنی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اپنے والد کی طرح ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمیشہ ایک خاندان کی طرح پاکستان کی مدد کی، ہم اپنے برادر ملک سے قرض نہیں چاہتے بلکہ ان سے مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں۔

تقریب کے راؤنڈ ٹیبل سیشن میں پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کے درمیان تین اہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے چئیرمین ابوظہبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی کی ملاقات ہوئی اور ملاقات میں وزیر اعظم نے حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر روشی ڈالی اور کہا کہ اماراتی کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی، اس سے قبل ابوظہبی پہنچنے پر نائب صدر، نائب وزیراعظم و چیئرمین صدارتی دربار شیخ منصور بن زاید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button