انٹر نیشینل

مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حامی ہیں، پولینڈ

آئرلینڈ، اسپین اور ناروے کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد ایک اور یورپی ملک پولینڈ نے بھی مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کردی ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے وزیرخارجہ ریڈوسلا سیکروسکی کا کہنا تھا کہ ہم یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کی کوششوں اور جو ممالک مستقل، پائیدار حل کو ضروری سمجھتے ہیں، ان کی حمایت کریں گے۔

پولینڈ کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اس طرح کا مستحکم، پائیدار حل دو ریاستوں کی بنیاد پر ہوگا۔

ویب سائٹ کے مطابق پولینڈ نے آزاد فلسطینی ریاست کا وجود 1988 میں تسلیم کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ناروے،آئرلینڈ اور اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک ریاست تسلیم کرلیا

خیال رہے کہ پولینڈ کے اس اعلان سے قبل ہی آئرلینڈ، اسپین اور ناروے نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کریں گے اور اس کا نفاذ 28 مئی کو ہوگا جبکہ اسرائیل نے ان ممالک سے اپنے نمائندوں کو واپس بلا لیا ہے۔

ناروے کے وزیراعظم نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطن کو ایک آزاد ریاست کا بنیادی حق حاصل ہے، اگر فلسطین کو ایک ریاست تسلیم نہیں کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں قیام امن کا تصور نہیں کیا جاسکتا ہے۔

آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا تھا کہ اسپین اور ناروے کے ساتھ مل کر فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج آئرلینڈ اور فلسطین کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈروسانچیز نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزرا کونسل 28 مئی کو آزاد فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button