ملازمین کی تنخواہیں 150 فیصد بڑھائی جائیں، ایکسپریس فورم
اسلام آباد: آل پاکستان سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ میں وفاقی وصوبائی ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں باترتیب 100 فیصد اضافہ کرنے سمیت دیگر مطالبات کردیے ہیں۔
آل پاکستان سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ میں گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں افسران کے ایگزیکٹو اور اسپیشل الاؤنس کی طرح 150 فیصد اضافہ کرنے، چاروں صوبائی سیکریٹریٹس اور آزاد کشمیرحکومت کے ملازمین کی طرح وفاقی ملازمین کو بھی یوٹیلٹی الاؤنس، ہاؤس رینٹ، میڈیکل الاؤنس اور کنونس الاؤنس میں اضافہ اورملازمتوں میں بچوں کا کوٹہ مقر رکرنے کے ساتھ ساتھ رٹائرڈ وفاقی وصوبائی ملازمین کی پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں با ترتیب 100 فیصداضافہ کرنے سمیت دیگر مطالبات کردیے ہیں۔
یہ مطالبات آل پاکستان سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر چوہدری محمد حسین طاہر ، سیکریٹری جنرل ذوالفقار احمد ، سینئرنائب صدر محمد نسیم خان، نائب صدر محمد ارشد شاہکوٹی ، سینئروائس چیئرمین زبیر افضل وڑائچ اور سیکرٹری اطلاعات راجہ محمد نبیل نے ایکسپریس فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر چوہدری محمد حسین طاہرنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فیڈرل سیکرٹریٹ ، وزیراعظم آفس اور صدر مملکت سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے گریڈ 17 تا 22 کے افسران اور پرائیویٹ سیکرٹریز کو جس طرح 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس اور 100 فیصد اسپیشل الاؤنس دیا گیا ہے اسی طرز پر گریڈ 1 تا 16 کے فیڈرل اور صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 150 فیصد اضافہ کیا جائے۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں ملازمین کو جو میڈیکل الاؤنس دیا جاتاہے وہ اُونٹ کے منہ میں زیرہ کے مصداق ہے۔