نئے مالی سال میں دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25ء کے لیے مالی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے بیرونی فنانسنگ کا ابتدائی تخمینہ 23 ارب ڈالر لگایا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال دوست ممالک سے تقریباً 12 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرایا جائے گا جس میں سے سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر، یو اے ای سے 3 ارب ڈالر اور چین سے 4 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرایا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ چین سے مزید نئی فنانسنگ کا تخمینہ بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی مد میں ایک ارب ڈالر سے زائد ملیں گے جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے نئی فنانسنگ بھی بجٹ تخمینے میں شامل ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مالیاتی اداروں سے نئے قرض پروگرام کے معاہدے کیے جائیں گے۔