پاکستان

لاہور ائرپورٹ لاونج میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، حج پرواز متاثر

لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے لاونج میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی اور دھواں بھر گیا، جس سے حج پرواز متاثر ہوئی جب کہ عازمین حج کو لاونج سے نکال کر باہر کھڑا کردیا گیا۔

ائرپورٹ ذرائع کے مطابق آگ تقریباً صبح سوا پانچ بجے کے قریب لگی اور اسموگ کی وجہ سے الارم بھی نہیں بج سکا۔ آگ کی اطلاع ملنے کے بعد ایوی ایشن فائر بریگیڈ کا عملہ تقریباً ایک گھنٹے کے بعد پہنچا۔ آگ لگنے کے واقعے کے بعد لاہور ائرپورٹ کی اندرونی عمارت کو خالی کروا لیا گیا تھا۔

آگ لگنے کی وجہ سے لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی حج پرواز پی کے 717 تاخیر کا شکار ہوئی، اس موقع پر عازمین حج کو ائرپورٹ لاونج سے نکال کر باہر برآمدے میں کھڑا کردیا گیا جب کہ ائر پورٹ پر دھویں کی وجہ سے بدبو پھیل گئی۔

ذرائع کے مطابق آتشزدگی اور دھویں کی وجہ سے امیگریشن سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوا۔ سسٹم میں خرابی کے باعث لاہور سے اندرون و بیرون ملک آپریٹ ہونے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

دوسری جانب آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم بنا دی گئی ہے۔ سی اے اے کے مطابق آگ سے امیگریشن کاؤنٹر بری طرح متاثر ہوا۔ ائرپورٹ مینیجر کی زیر نگرانی آگ کی وجوہات کے اسباب معلوم کیے جارہے ہیں ۔

بعد ازاں سی اے اے کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ حج زائرین کے لیے بنائے گئے خصوصی امیگریشن ایریا میں شارٹ سرکٹ ہوا، جس سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، بعد ازاں صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے اور حج اور دیگر انٹرنیشنل فلائٹس کو ڈومیسٹک سائیڈ سے ڈیل کیا جارہا ہے۔ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز بھی جلد بحال ہونے کی توقع ہے۔ لاہور ائرپورٹ لینڈ کرنے والی فلائٹس کی مینوئل امیگریشن کی جارہی ہے۔

امیگریشن حکام کے مطابق آتشزدگی اور دھویں کی وجہ سے کاؤنٹرز بند ہونے سے بیرون ممالک جانے والی پی آئی اے سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ائرلائن کی 6 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائرپورٹ پر آتشزدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button