اسٹیل ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کا قتل معمہ بن گیا
کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ جبکہ ریسکیو حکام ڈکیتی مزاحمت کا بتا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید راؤ آرکیڈ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بعدازاں مقتول کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی جہاں مقتول کی شناخت اس کی جبیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے 56 سالہ پرویز احمد ولد نور محمد کے نام سے کی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، اس حوالے سے ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ مقتول اپنی 125 موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ مقتول کو جسم پر 4 سے 5 گولیاں لگی تھیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کی جیب سے پیسے بھی ملے ہیں اور اس کی موٹر سائیکل بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول پراپرٹی ڈیلر اور اسٹیل ٹاؤن کا ہی رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق میر پورخاص سے تھا۔