ارجیت سنگھ نے کنسرٹ میں ماہرہ خان سے معافی مانگ لی
دبئی: عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کنسرٹ کے دوران پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کو پہنچاننے میں ناکام ہوگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ماہرہ خان ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے گزشتہ روز فیشن اور بیوٹی کو سراہانے کیلئے رکھے گئے ‘ایمی گالا’ ایوارڈز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کی تصاویر اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کیں۔
ایمی گالا کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کے مطابق ماہرہ خان کو ایمی گالا 2024 فیشن اینڈ بیوٹی ایوارڈز میں ‘آرٹسٹ ان فیشن’ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ایوارڈ شو کی افتتاحی تقریب کے بعد، ماہرہ خان نے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کے میوزک کنسرٹ میں بھی شرکت کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔
وائرل ویڈیو کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ارجیت سنگھ ابتدائی طور پر کنسرٹ کے دیگر تمشائیوں میں موجود ماہرہ خان کو پہچاننے میں ناکام رہے لیکن بعد میں اُنہوں نے اداکارہ کو پہچان لیا تھا۔
ارجیت سنگھ نے کنسرٹ میں موجود تمشائیوں سے مخاطب ہوئے کہا کہ آپ لوگ حیران ہوجائیں گے یہ جان کر کہ میں نے ابھی کنسرٹ میں کس اداکارہ کو دیکھا ہے، میں انہیں پہچاننے کی کوشش کررہا ہے لیکن مجھے ان کا نام یاد نہیں آرہا۔
گلوکار نے کیمرہ مین سے کہا کہ کیا ہمارا کیمرہ اس اداکارہ تک جاسکتا ہے؟ میں ان کی فلم کے لیے گلوکاری بھی کرچکا ہوں لیکن میرے ذہن میں نام نہیں آرہا۔
یہ کہنے کے بعد ارجیت سنگھ کو ماہرہ خان کا نام یاد آیا اور اُنہوں نے خوشی بھرے انداز میں کہا کہ خواتین و حضرات ماہرہ خان میرے بالکل سامنے بیٹھی ہیں۔
ارجیت سنگھ نے ماہرہ خان سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ میں آپ کو پہچان نہیں سکا، میڈم کنسرٹ میں شرکت کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔
گلوکار نے معافی مانگنے کے بعد ماہرہ خان کے لیے خصوصی طور پر گانا بھی گایا جبکہ اس موقع پر اداکارہ کافی خوش نظر آئیں۔