اسٹاک ایکسچینج میں تیزی؛ پہلی بار 69 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 69 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 586 پوائنٹس کے اضافے سے 69003 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
معیشت کی شرح نمو بڑھنے اور ترقی کے آثار نظر آنے سے متعلق عالمی بینک اور بلوم برگ کی رپورٹ، آئندہ مالی سال میں شرح نمو میں دوگنا اضافے کے ساتھ بتدریج بڑھوتری کی پیشگوئی اور مہنگائی کی شرح میں 11فیصد کی کمی کے امکانات جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا تسلسل برقرار ہے۔
تیزی کے سبب 50 سے زائد فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جن کی مالیت میں مزید اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا
آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت اور اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں مقامی و غیر ملکیوں کی پراعتماد اندز میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جو کیپیٹل مارکیٹ میں نت نئے ریکارڈز بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے یہی وجہ ہے کہ کاروبار میں مارکیٹ مثبت زون میں ہے۔ نجکاری پلان، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات پر انویسٹرز پُراعتماد ہیں۔