پاکستان
وزیر خارجہ اور امریکی ہم منصب میں ٹیلی فونک رابطہ؛ سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے امریکی منصب نے دیگر امور کے علاوہ خطے میں سیکیورٹی اور افغانستان میں رونما ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرا خارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے، موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور سیکورٹی سمیت دوطرفہ امور پر بات چیت کی۔
علاوہ ازیں علاقائی اہمیت کے مختلف امور، غزہ کی صورتحال، بحیرہ احمر اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔