کھیل

ایچ بی ایل پی ایس ایل، کیریبیئن آندھی پاکستان میں بھی چلے گی

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائزز نے اسکواڈز میں موجود خلا پْر کرلیے، سپلیمنٹری اور متبادل کرکٹرز کا انتخاب ہوگیا جب کہ کیریبیئن آندھی پاکستان میں بھی چلے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مکمل یا جزوی طور پر عدم دستیاب کرکٹرز کا خلا پْر کرنے کا موقع سپلیمنٹری ڈرافٹ میں دیا جاتا ہے، گزشتہ روز یہ مرحلہ مکمل ہوگیا،فرنچائزز کے نمائندوں نے ویڈیو کال پر ہونے والے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، پشاور زلمی میں مکمل طور پر عدم دستیاب لونگی نگیڈی کا خلا شمار جوزف پْر کریں گے۔

ویسٹ انڈین پیسر نے برسبین میں ٹیم کی کینگروز کیخلاف تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام بنالیا ہے، مبصرین انھیں مستقبل کا سپر اسٹار قرار دے رہے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں: انجرڈ لونگی نگیڈی ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 سے دستبردار ہوگئے

ایک اور متبادل کے طور پر منتخب ہونے والے گس اٹکنسن کی آمد پر بھی شمار جوزف بطور بیک اپ اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے، فرنچائز نے عدم دستیاب نور احمد کی جگہ وقار سلام خیل کو لیا ہے، فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جزوی طور پر دستیابی کے باعث ارشد اقبال کو منتخب کیا گیا، نوین الحق جزوی طور پر دستیاب ہوں گے۔

ٹیم نے متبادل کے انتخاب کیلیے اپنا حق محفوظ کرلیا، لیوک ووڈ اور سفیان مقیم بھی پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ بنے۔لاہور قلندرز کے راشد خان مکمل طور پر باہر ہو گئے، ڈین لارنس جزوی طور پر دستیاب ہوں گے، ٹیم نے دونوں متبادل کے انتخاب کا حق محفوظ کرلیا۔

گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بھانوکا راجا پکسے اور مقامی پلیئر طیب عباس کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹام کرن کی خدمات مکمل طور پر حاصل نہیں ہوں گی، متبادل کے انتخاب کا حق محفوظ کرلیا گیا،اوبید میک کوئے اور حیدرعلی کو منتخب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی کا پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار

کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کے جزوی متبادل کے طور پر زاہد محمود کو چنا، ٹم سیفرٹ نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد دستیاب ہوں گے، ان کے متبادل کا حق محفوظ کرلیا گیا، لیوس ڈوپلوئے، لوری ایوانز اور محمد روحید کو شامل کیا گیا ہے۔

وانندو ہسارنگا سری لنکا کی سیریز کے باعث جزوی طور پر دستیاب ہوں گے جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے بسم اللہ خان کو متبادل کے طور پر منتخب کر لیا، لوری ایونز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے۔

ملتان سلطانز نے ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس کا انتخاب کیا، ویسٹ انڈین اسٹار اس سے قبل ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرچکے ہیں، محمد شہزاد کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں، انھوں نے گذشتہ انڈر19ورلڈکپ میں شرکت کی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button