کھیل

ویزا تنازع؛ برطانوی حکومت بھی بھارتی رویے سے نالاں

کراچی: شعیب بشیر کے ویزا تنازع پر برطانوی حکومت بھی بھارتی رویے سے نالاں ہے، اس معاملے میں منصفانہ طرزعمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کپتان بین اسٹوکس نے ایک موقع پر نوجوان اسپنر کے بغیر ٹور پر جانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ دوسری جانب دباؤ پڑنے پر بھارت نے گذشتہ روز شعیب کو ویزا جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد کرکٹر شعیب بشیر کے ویزا تنازع پر برطانوی حکومت بھی ناخوش ہے، ترجمان نے کہا کہ بھارت کو منصفانہ طرزعمل اختیار کرنا چاہیے تھا، واضح رہے کہ پاکستانی والدین کی وجہ سے بھارت نے اسپنر شعیب بشیر کو انگلش ٹیم کے ساتھ اپنے ملک آنے کی اجازت نہیں دی اور وہ ابوظبی سے وطن واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے تھے، شعیب اب لندن واپس پہنچ گئے ہیں۔

 

ای سی بی ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اسٹورٹ ہوپر جمعرات کو ٹیم کے پاس بھارت پہنچ جائیں گے، وہ شعیب کے ہمراہ یہ مسئلہ حل کرانے کیلیے ابوظبی میں رکے تھے۔

کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ جب میں نے ابوظبی میں پہلی بار یہ خبر سنی تو کہا کہ ہم شعیب کے بغیر بھارت کا سفر نہیں کریں گے، ہمیں بھارتی رویے پر بڑی کوفت ہوئی تھی۔ بطور کپتان جب کوئی ایک ٹیم ممبر کسی مسئلے سے دوچار ہو تو آپ کچھ جذباتی ہوجاتے ہیں، وہ اب لندن واپس چلے گئے اور بھارتی ویزا پانے کی کوشش کریں گے، امید ہے جلد ہمارے پاس پہنچ پائیں گے۔

دوسری جانب، دباؤ پڑنے پر گذشتہ روز بھارت نے شعیب کو ویزا جاری کر دیا اور ان کی جلد روانگی طے ہے، وہ پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی پہنچ پائیں گے۔

اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ میں شعیب بشیر کی مشکل سمجھ سکتا ہوں، بدقسمتی سے میں کسی ویزا آفس میں نہیں بیٹھا کہ میڈیا کو مزید تفصیلات سے آگاہ کر سکوں، مجھے امید ہے کہ یہ معاملہ جلد طے ہو جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button