ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر، اے ڈی بی سے 400 ملین ڈالر کی امداد طلب
کراچی: وزیراعلیٰ نے اے ڈی بی سے کہا کہ ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے فنڈز تلاش کر رہے ہیں تاہم منصوبے کیلیے 400 ملین ڈالر ڈالر درکار ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے وفد نے ہانگ سو لی کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے مزید 250,000 مکانات کے تعمیراتی پروجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا اور 400 ڈالر کے لیے شرائط و ضوابط پر بات چیت پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے فنڈز تلاش کر رہے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کیلیے 400 ملین ڈالر اور کمیونٹی انفراسٹرکچر کی ترقی کیلیے اضافی 100 ملین ڈالر درکار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایک موثر نکاسی سسٹم (بڑے گڑھوں اور تالاب نما ٹینکوں کے ساتھ) پینے کے پانی کی سہولت اور نکاسی آب کا نظام بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ مکانات کو سولر یونٹس اور واش رومز فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔
سی ای او ایس پی ایچ ایف خالد شیخ نے کہا کہ 10 لاکھ گھروں میں سے 100,000 گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے انتخابی منشور میں غریبوں کیلیے کم قیمت مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرہ افراد کے علاوہ مکانات کی تعمیر کیلیے عطیہ دہندگان کی بھی تلاش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 250,000 گھروں کے 400 ڈالر کے منصوبے کی کاغذی کارروائی مکمل کی جائے گی ۔