بیگ سے 3 کروڑ 60 لاکھ کے زہریلے مینڈک برآمد، خاتون گرفتار
بوگوٹا: کولمبیا کے بوگوٹا ائیرپورٹ پر خاتون کے بیگ سے 3 کروڑ 60 لاکھ کے زہریلے مینڈک برآمد ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کولمبیا کی پولیس نے جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے الزام میں خاتون کو گرفتار کرلیا۔ خاتون کے بیگ سے 130 زہریلے مینڈک برآمد ہوئے تھے جن کی مالیت 3 کروڑ 60 روپے ہے۔
کولمبین حکام کے مطابق گرفتار کی جانے والی خاتون برازیلین شہری ہیں۔ وہ براستہ پاناما ساؤ پالو جا رہیں تھیں۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ مینڈک انہیں جنوبی کولمبیا کی ایک مقامی برادری کی جانب سے تحفے کے طور پر دیے گئے تھے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بلیک مارکیٹ میں ہر ایک مینڈک کی قیمت تقریباً 1,000 ڈالر ہے۔ مینڈکوں کو چھوٹے کنستروں میں انتہائی نامناسب حالات میں چھپا کر رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ پانی کی کمی کا شکار تھے۔ ارلیکوئن مینڈک جنھیں پوائزن ڈارٹ مینڈک بھی کہا جاتا ہے ایک انسانی انگوٹھے سے بھی چھوٹے ہوتے ہیں۔