پاکستان

بڈھ بیر؛ جائیداد کے تنازع پر 8 افراد کے قتل میں ملوث باپ 2 بیٹوں سمیت گرفتار

پشاور: پشاور بڈھ بیر بالو خیل میں 8 افراد کے قتل میں ملوث باپ 2 بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق دل خراش واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق 25 جون کو ہونے والے واقعے میں ملوث 3 نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جن میں روح اللہ، فرمان اللہ اور صبغت اللہ شامل ہیں جو کہ باپ بیٹے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اور مقتولین آپس میں قریبی رشتے ہیں، جن کے مابین جائیداد اور رقم کا تنازع تھا۔

واقعے کا آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات کنڈا پور اور سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے نوٹس لیتے ہوئے 4 اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن سجاد احمد صاحبزادہ کی نگرانی میں جے آئی ٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر درہ آدم خیل ، باڑہ ، معروف خیل ، نوشہرہ اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ واقعے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ تکنیکی وسائل کی کمی کے باعث ملزمان تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ 25 جون کو بڈھ بیر کے علاقے اسپین جماعت میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button